سپورٹس بلیٹن
کرکٹ:پاکستان نے سری لنکا کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں۸۲؍رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر ۲۱۵؍رنز بنائے۔ معاذ صداقت ۹۶؍جبکہ کپتان صاحبزادہ فرحان ۷۳؍ رنزبنانےمیں کامیاب ہوئے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر ۱۳۳؍رنز بناسکی۔ محمد عمران رندھاوا نے۱۱؍رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں پہلے میچ میں پاکستان نے ۱۸۳؍رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پرپورا کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسری طرف بھارت نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ۱۴؍رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۲۲۳؍رنز بنائے۔ ابھیشیک شرما نے۳۰؍گیندوں پر۶۹؍رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر ۲۰۹؍رنز بناسکی۔ ارشدیپ سنگھ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل پہلے میچ میں بھارت نے آٹھ وکٹوں سے جبکہ دوسرامیچ ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹوں سے جیتا تھا۔
جنوبی افریقہ بمقابلہ آسٹریلیا: ڈربن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میںآسٹریلیا نے ۲۱۴؍رنزسے فتح حاصل کرلی۔آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز میں ۱۲۴؍کےاسکورپرچھ وکٹیں گنوانے کےبعد۳۹۰؍رنز بنائے۔Matt Renshawنے ۱۹۰؍رنزکی یادگارباری کھیلی۔جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ۲۸۴؍رنز پر آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا نے اپنی دوسری باری ۳۱۴؍رنزچھ کھلاڑی آؤٹ پر ختم کرنے کا اعلان کیا،Renshawنے ایک مرتبہ پھربہترین بلے بازی کی اور۸۲؍رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔۴۲۱؍رنزکے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ۲۰۶؍رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔
فٹبال:ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لیونل میسی نے بینن کے خلاف اپنی قومی ٹیم کے لیے آخری میچ کھیلا۔بیونس آئرس، ارجنٹینامیں ہونے والے اس دوستانہ مقابلے میں میزبان ٹیم نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ میسی نہ صرف خود ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے بلکہ بقیہ دو گولزجو نیکولس اوتامندی اورنیکو پاز نے کیے، ان میں بھی کپتان میسی کی معاونت شامل تھی۔
فیفا آسیان کپ:گذشتہ ہفتہ ہونے والےپہلے فیفا آسیان کپ کے فائنل میں میزبان انڈونیشیا نے تھائی لینڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چار دو سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔تیسری پوزیشن کے مقابلے میں ملائیشیا نے ویتنام کے خلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں نے شرکت کی۔پاکستان فٹبال ٹیم نے حوصلہ افزاکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلپائن کے خلاف میچ ۲۔۲؍سے برابرکیا، جبکہ ویتنام سے ۴۔۲؍اورتھائی لینڈ سے ۴۔صفرسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ یوں فیفا کی عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی کے بعدپاکستان ۱۹۷؍نمبرپرآگئی۔
ٹینس:چین اوپن کے خواتین سنگلز فائنل میں میزبان ملک کیZheng Qinwenنے روس کی Mirra Andreeva کو سات پانچ اور چھ چار سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ مینزسنگلزمقابلوں میں سربیاکے نوواک جوکووِچ ٹائیٹل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
فارمولا ون کار ریسنگ:سنگاپور گراں پری ریڈ بُل کے Max Verstappenنےجیت لی۔یوں انہوں نےرواں سیزن مسلسل دوسری ریس میں فتح حاصل کی۔ فراری کے Charles Leclercدوسرے جبکہ مرسڈیز کے Kimi Antonelliتیسرے نمبر پر رہے۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭




