خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا نے عمانی سلطان کا استقبال کیا، سلطان ہیثم بن طارق ۳؍روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ میں ہیں، یہ ۴۴؍سال میں عمان کے کسی سلطان کا برطانیہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔منگل کی شب شاہی جوڑے نے ونڈسر کیسل میں سلطان کے اعزاز میں سرکاری ضیافت کا اہتمام کیا، جہاں برطانوی بادشاہ نے اہلِ عمان کی تعریف کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی حدیث کا حوالہ دیا۔ شاہ چارلس نے جو حدیث عربی زبان میں پڑھی اس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ اگر تم اہلِ عمان کے پاس جاتے تو نہ وہ تمہیں برا بھلا کہتے اور نہ تمہیں مارتے۔ شاہ چارلس کی جانب سے عربی زبان میں حدیث پڑھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔اپنے خطاب میں شاہ چارلس نے برطانیہ اور عمان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کیا اور تنازعات کے دور میں مختلف فریقوں کے درمیان مفاہمت اور روابط کے فروغ کے لیے عمان کی کوششوں کو اہم قرار دیا ہے۔
٭… امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نے امریکی عہدیدار اور سینئر فوجی اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ حوثی خطرات اور ایران کی براہِ راست دھمکیوں کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے فوجی اڈوں سے امریکی اہلکاروں کی موجودگی خاموشی سے کم کر رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹِم ہاکنز کا کہنا ہے کہ مختلف مشنز کے لیے آپریشنل تیاری بہتر بنانے کے لیے امریکی فوج معمول کے مطابق اہلکاروں اور ساز و سامان کی نقل و حرکت کرتی رہتی ہے اور سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے تفصیلات نہیں بتائی جاتیں۔
٭… یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کی حمایت کرتا ہے، امریکہ اور روس کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات نومبر کے اوائل میں ہونے چاہئیں۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے زیلنسکی نے کہا ہے کہ امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے بعد ماسکو نے بھی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اصولی آمادگی ظاہر کی ہے۔یوکرینی صدر نے کہا ہے کہ لڑائی روکنے، توانائی کی تنصیبات پر حملے بند کرنے اور انسانی ہمدردی کے اقدامات سے متعلق تمام تجاویز کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے مذاکرات میں یورپی ممالک کی شمولیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔دوسری جانب روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف کے مطابق صدر پیوٹن اور اسٹیو وٹکوف کے درمیان تقریباً تین گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں یوکرین تنازع کے خاتمے اور جنگ کے بعد روس اور یوکرین کے لیے سیکیورٹی نظام تشکیل دینے پر بات چیت ہوئی۔
٭… سعودی عرب کے شہر دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق حملے سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔سعودی فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں چار ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب میں تعینات امریکی حکومت کے زائد عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو سعودیہ چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
٭… مہنگائی کے خلاف دنیا بھر میں عوام سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔یونان میں سڑکوں پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ تنخواہیں بہتر کی جائیں، سستی رہائش دی جائے اور تعلیم کے لیے فنڈز بڑھائے جائیں۔سینیگال میں مہنگائی اور قوتِ خرید میں کمی کے خلاف مزدور ہڑتال پر چلے گئے، فرانس اور اٹلی میں مہنگے ایندھن، کم آمدنی اور بنیادی ضروریات زندگی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔سپین اور پرتگال میں مہنگے کرایوں اور رہائش کے بحران سے تنگ عوام احتجاجاً سڑکوں پر نکلے، بیلجیم میں اساتذہ اور دیگر شعبوں کے افراد نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔البانیہ میں طلبہ نے تعلیمی اخراجات میں کمی اور بدعنوانی کے خلاف مظاہرے کیے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
٭…٭…٭




