متفرق شعراء
پیار محبت وفا

وہ مجھ پہ مہربان ہے یہ اس کی دَیا ہے
مجھ جیسی گنہگار پہ یہ خاص عطا ہے
احساں ہے بزرگوں کا جو اس چشمے پہ لائے
جو ساقیٔ کوثر نے یہاں جاری کیا ہے
ملواتے ہیں اک پیارے سے یہ مجھ کو شب و روز
سجدوں نے بھی کیا خوب مرا ساتھ دیا ہے
ہمراہ مرے رہتے ہیں چاند اور ستارے
جو میرے خیالوں کی اُڑانوں کی فضا ہے
اٹھتی ہی نہیں نظریں کسی اور کی جانب
جب سے مری آنکھوں میں وہ محبوب بسا ہے
اک در سے وفاداری میں گزری ہے مری عمر
اک ہاتھ کو تھاما ہے تو بس تھام لیا ہے
میں صابر و شاکر ہوں کوئی شکوہ نہیں ہے
ہر حال میں اُس ذات کا بس شکر کیا ہے
چاہیں تو کسی نام سے بھی مجھ کو پکاریں
یوں نام مرا پیار محبت ہے وفا ہے
(امۃ الباری ناصر۔ امریکہ)
مزید پڑھیں: اس دور کا امام ہی ہے امن کا حصار




