سویڈن کے ’Lulea On Ice‘ میلہ میں تین روزہ تبلیغ سٹال
سویڈن کے شہر لولیو میں گذشتہ ۲۱؍برس سے موسم سرما کے دوران سمندر پر خصوصی برفانی راستے بنائے جاتے ہیں جہاں عوام گاڑیاں چلاتے، سکیٹنگ کرتے اور دیگر سرمائی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ گذشتہ چند برس سے فروری کے آخر میں ہالینڈ کے نیشنل سکیٹنگ مقابلے بھی یہاں منعقد ہو رہے ہیں جس کے باعث یہ مقام ایک بڑے عوامی میلے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ الحمدللہ، خاکسار (مبلغ سلسلہ) کو مسلسل تیسری مرتبہ منتظمین سے اجازت حاصل کرنے کے بعد ۲۷؍فروری تا یکم مارچ ۲۰۲۶ء، اس میلے میں جماعت احمدیہ کا تبلیغی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔

منتظمین نے اپنے سرکاری پروگرام میں جماعتی سٹال کا تعارف ’Ask a Muslim‘ مہم کے تحت شائع کیا اور اعلان کیا کہ یہاں اسلام سے متعلق سوالات کے جواب دیے جائیں گے۔ تینوں دن آنے والے مہمانوں کے لیے مفت کافی کا بھی انتظام کیا گیا جس کی بدولت شدید سردی کے باوجود بڑی تعداد میں افراد سٹال پر رکے اور اسلام، جماعت احمدیہ اور مختلف مذہبی و سماجی موضوعات پر تفصیلی اور مثبت گفتگو کا موقع ملا۔
خاکسار نے لولیو شہر کے فیس بُک پیج پر بھی سٹال کا تعارف شائع کیا جسے مثبت پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس دوران سٹال کے قریب سے گزرنے والوں میں ’Muslims for Peace‘ کے فولڈر تقسیم کیے گئے جبکہ جماعتی لٹریچر بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ متعدد افراد، مختلف کتب اپنے ساتھ لے گئے اور بعض نے قرآن کریم خریدنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
ایک نوجوان، جو خود کو سیکولر نظریات کا حامی بتا رہے تھے، کافی دیر تک گفتگو کرتے رہے۔ آخر میں انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلام کے بارے میں ان کا سابقہ منفی تصور مکمل طور پر بدل کر مثبت ہو گیا ہے اور انہوں نے اس تبدیلی پر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔

اس دوران متعدد مسلمان احباب بھی سٹال پر آئے جنہیں جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرنے اور ان کے سوالات کے جواب دینے کا موقع ملا۔ ان تین دنوں میں کئی نئے روابط قائم ہوئے۔ علاوہ ازیں ایک رکن پارلیمنٹ، ایک سیاسی جماعت کے گروپ لیڈر، دیگر مقامی سیاست دانوں اور مختلف تنظیموں کے نمائندگان سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں مستقبل میں تعاون اور مشترکہ سماجی سرگرمیوں کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
اللہ تعالیٰ ان تمام معاونین کو بہترین جزا عطا فرمائے، اس تبلیغی کوشش کے نیک نتائج پیدا فرمائے اور ہمیں ہمیشہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کے مطابق مقبول خدمت دین بجا لانے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین
(رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مقامبری، سیرالیون میں احمدیہ مسجد کا بابرکت افتتاح



