یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جرمنی کے گیارہ رکنی وفد کا گھانا کے تاریخی مقامات کا دورہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی سے واقفین نَو اور خدام الاحمدیہ پر مشتمل ۱۱؍رکنی وفد مورخہ ۳؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو احمدیہ مسلم مشن گھانا کے ہیڈکوارٹرز اکرا پہنچا۔ اس دورہ کا بنیادی مقصد ان تاریخی مقامات کی زیارت کرنا تھا جہاں ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۹۷۷ء سے ۱۹۸۵ء کے دوران قیام گھانا کے عرصہ میں خدمات سرانجام دیں، نیز گھانا جماعت کے دیگر تاریخی اور اہم جماعتی مقامات کا دورہ کرنا تھا۔

تاریخی مقامات کی سیر: طے شدہ شیڈول کے مطابق ۴تا ۱۳؍اکتوبر کے دوران وفد نے مجلس خدام الاحمدیہ گھانا اور ہیومینٹی فرسٹ گھانا کے تعاون سے مختلف تاریخی اور جماعتی مقامات کا دورہ کیا اور مقامی جماعتوں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے۔

وفد نے کماسی، اشانٹی ریجن، ٹمالے، سالاگا اور ٹیچی مان سمیت مختلف علاقوں میں مساجد اور جماعتی اداروں کی زیارت کی۔ ان میں ٹی آئی احمدیہ سینئر ہائی سکول کماسی، ٹی آئی احمدیہ سینئر ہائی سکول سالاگا، ٹی آئی احمدیہ سینئر ہائی سکول Essarkyir، جامعۃ المبشرین ایکمفی اکرافو اور جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل منکسم شامل تھے۔ اس دوران ان مقامات کی بھی زیارت کی گئی جہاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے قیام گھانا کے دوران دینی، تعلیمی اور زرعی خدمات سرانجام دیں اور آپ کی سابقہ رہائش گاہوں کو دیکھنے کا موقع ملا۔

وفد نے سالٹ پانڈ کی بھی زیارت کی جہاں یکم مارچ ۱۹۲۱ء کو گولڈ کوسٹ (موجودہ گھانا) میں احمدیت کا آغاز ہوا۔ اسی طرح کیپ کوسٹ کیسل اور المینا کیسل سمیت تاریخی مقامات کا دورہ کیا گیا۔ کیپ کوسٹ کیسل ۱۶۵۳ء میں غلاموں کی تجارت کے لیے تعمیر کیا گیا تھا، جبکہ المینا کیسل پرتگالیوں نے ۱۴۸۲ء میں تعمیر کیا تھا۔ مزید برآں وفد نے بستان احمد، وہاب آدم ایم ٹی اے سٹوڈیوز، اشونگمن اکرا اور ٹیما میں واقع احمدیہ رقیم پریس اور مسجد کا دورہ کیا۔

الوداعی تقریب: مورخہ ۱۳؍اکتوبر کو احمدیہ مسلم مشن کے نیشنل ہیڈکوارٹر اوسو، اکرا میں وفد کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں احمدیہ مسلم مشن گھانا کے مرکزی مبلغین و نمائندگان، مجلس خدام الاحمدیہ گھانا اور ہیومینٹی فرسٹ گھانا کے عہدیداران نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی مکرم الحاج عبدالوہاب بن عیسیٰ صاحب نائب امیر اول و افسر جلسہ سالانہ گھانا تھے۔ آپ نے مہمانوں کو گھانا کی روایتی یادگاری سوغات پیش کیں۔ اس موقع پر شرکاء کی خدمت میں ظہرانہ بھی پیش کیا گیا۔ تقریب سہ پہر ساڑھے تین بجے دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ اسی روز وفد جرمنی واپس روانہ ہوگیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ میرپور مقامی، بنگلہ دیش کے تحت خصوصی وقار عمل اور شجر کاری کا پروگرام

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button